ہندوستانی بینکوں سے دھوکہ دھڑی کے معاملے میں 'بھگوڑے' قرار دئیے گئے
صنعتکار وجے مالیا کو لندن میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مالیا کو جلد ہی
ہندوستان کے بھی حوالے کیا جائے گا۔ حالانکہ کورٹ میں پیشی کے بعد کچھ ہی
دیر میں انہیں ضمانت بھی مل گئی۔ سی بی آئی کی ایک ٹیم جلد ہی برطانیہ جاکر
مالیا کی حوالگی کے پراسیس کو پورا کرے گی۔ مالیا پر بینکوں کے 9000 کروڑ
روپے کا لون نہ ادا کرنے کا الزام ہے۔ بتا دیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے
بھی وعدہ کیا تھا کہ مالیا کو جلد ہی ہندوستان لایا
جائے گا۔
مالیا کے اوپر 17 بینکوں کا 9000 کروڑ قرض ہے۔ پرتعیش زندگی کے لئے مشہور
وجے مالیا کئی بینکوں کے ڈیفالٹر قرار دئیے جا چکے ہیں۔ وجے مالیا کو ڈیٹ
ریکوری ٹربيونل نے بڑا جھٹکا دیتے ہوئے ڈیاجيو سے انہیں ملنے والی تقریبا
515 کروڑ روپے کی رقم منجمد کر دی تھی۔
ملک چھوڑنے کے بعد ہندوستان وجے مالیا کو لندن سے حوالگی کرنے کی کوشش میں
لگا ہوا تھا۔ اس کے لئے حکومت ہند نے لندن اور نئی دہلی میں کئی دور کی بات
چیت بھی کی تھی۔ اس کے بعد مالیا کو ہندوستان لائے جانے کا امکان بڑھ گیا
تھا۔